سندھ میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

سندھ میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا
کیپشن: اجلاس کو بتایا گیا کہ جس شخص کا مثبت ٹیسٹ آیا اس کا تعلق کراچی سے ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ کے حامل شخص کے قریبی افراد اور رابطے میں رہنے والوں کو چیک کرنے کی سخت ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس اجلاس میں انھیں آگاہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں اس مرض کا ایک اور کیس ظاہر ہو چکا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ نے بریفنگ میں بتایا کہ آج 4 ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک مثبت آیا۔ سندھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے 107 سیمپلز ٹیسٹ کیے جس میں 4 مثبت آئے۔ ان میں سے سے ایک مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جس شخص کا مثبت ٹیسٹ آیا اس کا تعلق کراچی سے ہے۔ جو افراد تفتان سے آ رہے تھے اُن کا پروگرام آج منسوخ ہو گیا ہے۔ کل شام 5 بجے وہ افراد تفتان سے نکلیں گے۔

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے حکام کو سخت ہدایت کی کہ مثبت ٹیسٹ کے حامل شخص کے قریبی افراد اور رابطے میں رہنے والوں کو چیک کیا جائے۔ انہوں نے سکھر میں جاری انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیا اور ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنر سکھر کو ضروری ہدایات دیں۔