اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی قیمتی زمین کی مبینہ غیر قانونی لیزنگ کے معاملے پر تحقیقات کا فیصلہ کر لیا، وزیراعظم شہباز شریف نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کیا تھا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی کی قیمتی زمین انتہائی کم قیمت پر دی گئی، جس کے بعد حکومت نے اس میگا اسکینڈل کا نوٹس لے لیا۔
تحقیقات کے لیے قائم کی گئی تین رکنی کمیٹی میں وزیراعظم انسپیکشن کمیشن کے چیئرمین، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹرز شامل ہیں۔ کمیٹی کو اس اسکینڈل کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔
پورٹ قاسم اتھارٹی کی یہ زمین چھوٹے اور درمیانے درجے کے انڈسٹریل پارک کے لیے دی گئی تھی، تاہم لیزنگ میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
انکوائری کمیٹی نہ صرف زمین کی لیزنگ کے عمل کا جائزہ لے گی بلکہ لیز کی منسوخی کے خلاف حکم امتناع ختم کروانے کے لیے پورٹ قاسم اتھارٹی کی قانونی حکمت عملی پر بھی غور کرے گی۔
مزید برآں، کمیٹی پورٹ قاسم اتھارٹی بورڈ اور مدعی کے درمیان عدالت سے باہر تصفیہ کے عوامل کی بھی تحقیقات کرے گی اور اس حوالے سے تمام قانونی آراء کا جائزہ لے گی۔
حکومت نے یقین دلایا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی کرپشن یا مالی بے ضابطگیاں ثابت ہوئیں تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔