پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ یگانگت سے رہ رہے ہیں: خواجہ آصف

06:43 PM, 9 Mar, 2025

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں پرتشدد رویے قابل مذمت اور قوم کے لیے باعث شرم ہیں، ہمیں مذہبی رواداری اور یگانگت کو فروغ دینا ہوگا۔

سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ بھائی چارے کے ساتھ رہ رہے ہیں، اور شہر سیالکوٹ بین الاقوامی سطح پر سکھ برادری کے لیے بھی ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرزمین پر تمام شہریوں کا بلاتفریق حق ہے۔

خواجہ آصف نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پہلے اسپیکر ہندو تھے، جبکہ جسٹس کارنیلئس جیسے منصف اعلیٰ بھی رہے جن کی دیانت داری پر کبھی انگلی نہیں اٹھائی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پہلا خطبہ اقلیتی برادری کے مساوی حقوق کی فراہمی سے متعلق تھا، اور ہمیں اسی اصول پر چلنا ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں پنجاب میں اقلیتوں کا محکمہ ختم کر دیا گیا تھا، تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے اسے بحال کیا گیا ہے اور اب یہ محکمہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے وہ خوش آئند ہیں، ہمارا مذہب سکھاتا ہے کہ تمام اقلیتیں ہنسی خوشی زندگی گزاریں اور ہم اس ملک کو مذہبی منافرت سے پاک کریں گے۔
 

مزیدخبریں