اسلام آباد میں خاتون پر تشدد اور ڈکیتی کا واقعہ، مرکزی ملزم گرفتار

10:45 PM, 9 Mar, 2025

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں نامعلوم افراد کی جانب سے خاتون پر تشدد اور نقدی و زیورات چھیننے کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔


پولیس کے مطابق یہ واقعہ 23 فروری 2025 کو پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں پانچ دفعات شامل کی گئی ہیں۔


مقدمے کے متن کے مطابق، متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ جمال نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان کا راستہ روکا اور گاڑی چھیننے کی کوشش کی۔ خاتون کے مطابق، جب انہوں نے مزاحمت کی تو ملزمان نے انہیں اور ان کی بیٹی کو بالوں سے گھسیٹ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے بیگز چھین لیے، جن میں 20 لاکھ روپے نقد اور 10 تولے سونا موجود تھا۔


فرار ہوتے وقت ملزمان نے خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں اور موقع سے فرار ہو گئے۔


پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ مارگلہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم جمال کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں سخت سزا دلوائی جائے گی۔
 

مزیدخبریں