لوک موسیقی اور صوفیانہ کلام کے بے تاج بادشاہ استاد پٹھانے خان کی 26ویں برسی

02:20 PM, 9 Mar, 2026

کوٹ ادو: آج لوک موسیقی اور صوفیانہ کلام کے بے تاج بادشاہ استاد پٹھانے خان کی 26ویں برسی ہے۔ استاد پٹھانے خان، جن کا اصل نام غلام محمد تھا، 1926 میں کوٹ ادو کی بستی تمبو والی میں پیدا ہوئے۔

استاد پٹھانے خان نے نیم کلاسیکی رنگ میں کافیاں، غزلیں اور لوک گیت گائے جو دنیا بھر میں مقبول ہوئے۔ وہ خواجہ غلام فرید، بابا بلھے شاہ، مہر علی شاہ جیسے صوفی شاعروں کے کلام کے منفرد پیش کرنے کے لیے جانے جاتے تھے۔ حکومت پاکستان نے 1979 میں انہیں صدارتی ایوارڈ سے نوازا، جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے 79 مختلف ایوارڈز حاصل کیے۔

سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو بھی ان کی آواز کے معترف تھے۔ استاد پٹھانے خان کی آواز میں درد اور کشش تھی، اور ان کا صوفیانہ کلام سننے والوں پر گہرا اثر چھوڑتا تھا۔ ان کے مشہور کلام میں "میڈا عشق وی توں میڈا یار وی توں" اور "الف اللہ چنبے دی بوٹی" شامل ہیں۔استاد پٹھانے خان 9 مارچ 2000 کو انتقال کر گئے اور وہ کوٹ ادو میں آسودہ خاک ہیں۔

مزیدخبریں