جارحیت کا جواب دینے کے لیے 200 فیصد تیار ہیں: خواجہ آصف

03:16 PM, 9 May, 2025

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی کے حوالے سے کسی بھی قسم کے بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا اور جارحیت کا جواب دینے کے لیے 200 فیصد تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہی اور بھارت کی جانب سے حملے کے بعد پاکستانی افواج کی پوزیشن کی وضاحت کی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنے روابط کو مضبوط کیا ہے اور دنیا کے تمام اہم ممالک کے ساتھ پاکستان کے روابط ہیں۔ ایران، سعودی عرب، قطر اور چین جیسے ممالک کے ساتھ پاکستان روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہے۔ ان میں سے زیادہ تر ممالک یا تو پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا پھر نیوٹرل ہیں، جبکہ صرف ایک یا دو ممالک نے بھارت کی حمایت کی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے پاکستان کی لوکیشنز کو جانچنے کے لیے تھے، لیکن پاکستان کے دفاعی ادارے ہر ممکن طریقے سے جوابی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے اپنے قریبی اتحادی بھی اس وقت بھارت کے ساتھ نہیں کھڑے ہیں، اور پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے گرائے ہیں، جو کہ ایک بڑی جنگی کامیابی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی افواج بھارت کے سویلینز کو نشانہ نہیں بنائیں گی اور بھارت کی طرح غیر انسانی کارروائیاں نہیں کی جائیں گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مکمل اطمینان ہونا چاہیے کیونکہ بھارت کے عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنایا جا چکا ہے۔

مزیدخبریں