ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان، محکمہ موسمیات کا انتباہ

08:12 PM, 9 May, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج سے 12 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، کشمیر، مشرقی و شمالی پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسم کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے کہ بجلی کے کھمبے، درخت، سولر پینلز اور گاڑیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، پنجاب کے شہروں جیسے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جھنگ، ملتان، ڈی جی خان اور دیگر علاقوں میں جزوی بادل چھائے رہیں گے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول سوات، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور وزیرستان میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

بلوچستان کے اضلاع جیسے کوئٹہ، چمن، ژوب، خضدار اور قلات میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے کچھ علاقوں جن میں عمر کوٹ، تھرپارکر، سکھر، میرپور خاص اور دادو شامل ہیں، وہاں تیز ہواؤں اور جھکڑ کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش، گرج چمک اور ژالہ باری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے کہا ہے کہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔

مزیدخبریں