لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق مقدمات کے دائرہ اختیار پر اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ایسے تمام مقدمات عام سول عدالتوں کے بجائے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بنائی گئی خصوصی عدالتیں سنیں گی۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق پراپرٹی تنازعات اب خصوصی قوانین کے تحت قائم اسپیشل کورٹس کے دائرہ اختیار میں آئیں گے، تاکہ ان مقدمات کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنایا جا سکے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل کورٹس کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز سننے پر اعتراض کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے، اور متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین قانون کے مطابق اس فیصلے سے اوورسیز پاکستانیوں کے جائیداد سے متعلق کیسز میں تاخیر کم ہونے اور قانونی عمل میں بہتری آنے کی توقع ہے۔