وزیراعظم کا رواں ماہ دورہ چین کا امکان؛ صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات اور اربوں ڈالر کے معاہدے متوقع

01:28 PM, 9 May, 2026

اسلام آباد : پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ گیر اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم مئی کے تیسرے ہفتے میں چین کا انتہائی اہم سرکاری دورہ کریں گے۔
نمائندہ نیو نیوز اسلام آباد ذیشان سید  کاکہنا ہے کہ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم 23 سے 25 مئی تک چین میں قیام کریں گے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں کا اہم ترین دورہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد معاشی اور دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ون آن ون ملاقات ہوگی، جبکہ چینی ہم منصب لی چیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ان ملاقاتوں میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کی رفتار تیز کرنے اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ دورے کے موقع پر      مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔دوطرفہ تجارت اور صنعتی زونز کے قیام کے لیے ایم او یوز (MoUs) کی منظوری دی جائے گی۔
سفارتی ماہرین اس دورے کو پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک بڑا سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے سے نہ صرف اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا بلکہ اہم علاقائی معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزیدخبریں