انقرہ: ترک صدر رجب طیب ایردوان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی تعلقات اور عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ترک صدارتی دفتر کے مطابق گفتگو کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک صدر نے موجودہ حالات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت، توانائی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی سلامتی کے لیے مذاکرات اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔