پاکستان نے سلامتی کونسل کی مستقل نشستوں میں اضافے کی مخالفت کردی

02:00 PM, 9 Nov, 2017

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل نشستوں میں اضافے کی مخالفت کر دی ہے، ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مستقل ممبران کی تعداد میں اضافہ جمہورت، جواب دہی اور شفافیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان نے سلامتی کونسل میں اصلاحات کی غرض سے نئی مستقل نشستوں کے قیام کی شدید مخالفت کی ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹرملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں سلامتی کونسل کی اصلاحات کے بارے میں ایک مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کونسل میں نمائندگی کے بارے میں پاکستان کے موقف کااعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ مستقل نشستوں میں اضافہ جمہوریت، احتساب اور شفافیت کے متفقہ عالمی اصولوں کے منافی ہے. ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں ایک مستقل نشست کے مطالبے کے حوالے سے چند ملکوں کے موقف پر تنقید کی۔

انہوں نے جنرل اسمبلی کے سامنے تجویز رکھی کہ مستقل ممبران کی بجائے عارضی ممبران کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ تمام ممالک کو سلامتی کونسل کا حصہ بننے کا موقع جلد میسر آ جائے۔ یاد رہے کہ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبران ہیں اور اب بھارت بھی مستقبل ممبر بننے کی تگ و دو کر رہا ہے۔

مزیدخبریں