سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین کی باسکٹ بال چیمپئن شپ کی منظوری دےدی گئی

سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین کی باسکٹ بال چیمپئن شپ کی منظوری دےدی گئی

ریاض: سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین کی باسکٹ بال چیمپئن شپ کی منظوری دےدی گئی ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی شوری کونسل کی رکن لینا المائینہ کا کہنا تھا کہ وزارت صحت کی اسپورٹس اتھارٹی کی جانب سے سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ویمن اسپورٹس چیمپئن شپ کی اجازت دینے پر حکام کی شکرگزار ہیں۔

ایسی غیرنصابی سرگرمیوں سے خواتین میں تیزی سے پھیلنے والے چھاتی کے کینسر سے بچا میں بھی مدد ملے گی۔چیمپئن شپ کے حوالے سے بتاتے ہوئے لینا المائینہ کا کہنا تھا کہ جدہ کی دارالحکم یونیورسٹی کی جانب سے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں باسکٹ بال کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ چیمپئن شپ کے دوران کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں مرد حضرات کا داخلہ سختی سے بند ہوگا۔

خواتین کے ٹورنامنٹ میں تماشائی بھی صرف خواتین ہی ہوں گی، ٹورنامنٹ کے ٹکٹ 100 سعودی ریال میں دستیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نئی اصلاحات کی جارہی ہیں جن میں پہلے مرحلے میں خواتین کو گاڑی چلانے اور پھر انہیں اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز دیکھنے کی اجازت دی گئی اور اب خواتین کو باسکٹ بال چیمپئن شپ کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔