ہانگ کانگ : پاکستان نے ایک سنسنی خیز اور دلچسپ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو صرف ایک رن سے شکست دے کر ہانگ کانگ سکسز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔ خواجہ نافع نے 50 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہونے سے قبل شاندار بیٹنگ کی، جبکہ عبدالصمد نے 34 اور کپتان عباس آفریدی نے 19 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس روز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کے دیے گئے ہدف کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر وہ صرف 120 رنز تک پہنچ سکی اور 5 وکٹوں کے نقصان پر ان کا سفر ختم ہو گیا۔ کرس گرین 46 رنز اور کپتان ایلکس روز 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز، محمد شہزاد اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اور پاکستان کو ایک شاندار فتح دلائی۔