پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ورلڈ پوسٹ ڈے منایا جا رہا ہے

11:32 AM, 9 Oct, 2025

لاہور : ہر سال کی طرح اس سال بھی 9 اکتوبر کو دنیا بھر میں ورلڈ پوسٹ ڈے منایا جا رہا ہے تاکہ ڈاک کے نظام اور اس کی خدمات کے حوالے سے شعور اور آگاہی پیدا کی جا سکے۔

ڈاک کو پیغام رسانی کا ایک تاریخی اور اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے، جسے کبھی "آدھی ملاقات" کہا جاتا تھا کیونکہ کاغذ کے ایک ٹکڑے نے دلوں کو جوڑنے کا کام کیا۔

فیصل آباد میں آج بھی ڈاک کے نظام کی یادیں زندہ ہیں، خاص طور پر تاریخی جنرل پوسٹ آفس جہاں شہری میل ملاقات کرتے ہیں۔

یہ دن یاد دلاتا ہے 1874 میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں یونیورسل پوسٹل یونین کے قیام کی، جس نے دنیا بھر میں پیغام رسانی کو آسان اور مربوط بنایا۔ 1979 میں جاپان کے ٹوکیو میں عالمی کانگریس نے فیصلہ کیا کہ 9 اکتوبر کو ورلڈ پوسٹ ڈے کے طور پر منایا جائے گا تاکہ ڈاک کی ترقی کے لیے آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔

ڈاک کی تاریخ قدیم ہے، اور چین جیسے ممالک نے پیغام رسانی کے لیے ڈاک کا باقاعدہ استعمال شروع کیا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد یہاں برطانوی دور کے ڈاک ٹکٹ استعمال ہوتے رہے، اور اب تک پاکستان نے مختلف مواقع پر 1300 سے زائد ڈاک ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

اگرچہ جدید دور میں ٹیلی فون، موبائل اور انٹرنیٹ نے پیغام رسانی کو تیز اور آسان بنا دیا ہے، پھر بھی ڈاک کی اہمیت تعلیم، سرکاری دستاویزات اور رسمی معاملات میں برقرار ہے۔

مزیدخبریں