نیب نے اثاثہ جات کیس میں آصف زرداری کی بریت کا فیصلہ چیلنج کر دیا

نیب نے اثاثہ جات کیس میں آصف زرداری کی بریت کا فیصلہ چیلنج کر دیا

راولپنڈی: نیب نے سابق صدر آصف زرداری کی اثاثہ جات ریفرنس میں بریت کا احتساب عدالت کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے آصف زرداری کی بریت کا فیصلہ شواہد کو دیکھے بغیر اور میرٹ پر نہیں کیا۔ آصف زرداری کو سرسری سماعت کے نتیجے میں بری کر کے ایک غلط مثال قائم کی۔

نیب کی اپیل کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے اہم ریکارڈ پیش نہیں کرنے دیا اور مقدمے کے اہم گواہوں کو نظر انداز کیا۔

نیب نے اپیل میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس آصف زرداری کے خلاف 22 ہزار تصدیق شدہ دستاویزات جبکہ دستاویزات آصف زرداری کی آف شور کمپنیوں، سرے محل اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ہیں۔

نیب نے اپیل میں کہا ہے کہ کیس میں جتنا مواد باہر سے منگوایا گیا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آصف زرداری اور ان کا خاندان بہت سی آف شور کمپنیوں کا مالک ہے جب کہ سرے محل سمیت مرزا شوگر مل سے متعلق بھی ریکارڈ موجود ہے۔ عدالت چاہے تو ریکارڈ طلب کرے جس کی بنیاد پر مزید کارروائی ہو سکتی ہے۔

نیب راولپنڈی نے کیس کی پیروی کے لیے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں