کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج شدید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق سندھ میں مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے، جو بھارت کی جانب سے سندھ میں داخل ہو رہا ہے اور مختلف علاقوں میں بارش کی شدت مختلف ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں 4 سے 6 بارش کے سپیل متوقع ہیں جن میں بعض علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔ شدید بارشوں کے باعث ملیر ندی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جو طویل عرصے سے خشک تھی۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے حفاظتی اقدامات کے تحت آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں اور تمام کلاسز آن لائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وائس چانسلر نے طلبہ و عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور ننگی تاروں سے دور رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
گزشتہ روز سے شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔