اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کر دی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے مقدمات کی سماعت کے دوران عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت 7 اکتوبر تک برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے عمران خان کو 9 مئی کے احتجاجی واقعات، اقدام قتل اور دیگر مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کے احکامات میں توسیع دی ہے۔ اسی طرح بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدیں پیش کرنے کے الزام پر عبوری ضمانت دی گئی ہے۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر آج فیصلہ نہیں سنایا جا سکا، اور عمران خان کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہیں ہو پائے۔
عدالت نے واضح کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت سے متعلق دونوں درخواستوں پر ایک ہی وقت میں فیصلہ سنایا جائے گا۔اس موقع پر عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے خلاف تھانہ ترنول، کراچی کمپنی، کوہسار سمیت متعدد تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔