اسلام آباد:بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں موجودہ پانی کی صورتحال کے بارے میں پاکستانی حکام سے رابطہ کیا اور مزید پانی کی آمد کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔
بھارتی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ہریکے اور فیروزپور کے علاقے میں دریائے ستلج میں سیلاب کی صورت حال اب بھی شدید ہے اور بھارتی حدود سے آنے والا سیلابی ریلا پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔ان کے مطابق اس وقت دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ تقریباً 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تاہم پاکستان کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی شروع ہو گئی ہے اور گزشتہ 12 گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں تقریباً 70 ہزار کیوسک کی کمی آئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک سے بھی تجاوز کر چکا تھا، تاہم اب کمی کے باوجود سیلابی صورتحال برقرار ہے۔