پنجاب میں گندم کی کوئی قلت نہیں، آٹے کی قیمت 14 روپے سے زیادہ نہیں بڑھنے دیں گے، عظمیٰ بخاری

02:41 PM, 9 Sep, 2025

لاہور : لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب میں گندم کی کوئی کمی نہیں اور سیلاب کے بہانے آٹے کی قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اس معاملے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فلور ملز مالکان، آڑھتیوں اور متعلقہ افراد کو تین دن میں اپنے گندم کے سٹاک رجسٹر کروانے کا حکم دیا گیا ہے، ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خانیوال میں سرکاری گندم پانی میں بہہ جانے کے واقعے پر ڈی جی فوڈ اور متعلقہ عملے کو معطل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ گندم کی قیمت 3000 روپے فی من اور روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی کے انتخابی بائیکاٹ کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کی سینیٹر کے طور پر کامیابی کی پیشگوئی کی۔

عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پر صحافی طیب بلوچ کے ساتھ ہونے والے حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اب سیاسی جماعت نہیں بلکہ فساد پارٹی بن چکی ہے۔

مزیدخبریں