ٹیم میں تبدیلیوں پر بابر اعظم کا ردعمل، فیصلے قبول ہیں مگر حیرت ضرور ہوئی

01:39 PM, 9 Sep, 2026

برمنگھم: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے قومی سکواڈ میں حالیہ تبدیلیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ان فیصلوں پر حیرت ضرور ہوئی، تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جب ٹیم کے نتائج توقعات کے مطابق نہ ہوں تو تبدیلیاں ہونا فطری عمل ہے، تاہم ان تبدیلیوں کی اصل وجہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہی بہتر انداز میں بیان کرسکتا ہے۔

قومی کپتان نے کہا کہ ایک سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے انہیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے۔ ایجبسٹن کے میدان سے متعلق بات کرتے ہوئے بابر نے کہا کہ یہ گراؤنڈ ان کے لیے اچھا ثابت ہوا ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ یہاں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ گزشتہ میچ میں پاکستانی ٹیم تینوں شعبوں، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کرسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے اور انہیں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

بابر اعظم نے اپنی فارم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب کھلاڑی پرفارم نہیں کرتا تو اس پر باتیں ہونا معمول کی بات ہے۔ ان کے مطابق اگر کارکردگی کو بنیاد بنایا جائے تو گزشتہ سیریز میں وہ مین آف دی سیریز بھی رہے تھے۔

ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ مختلف کنڈیشنز میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت ثابت کرنا ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے جو فیصلے کیے ہیں، یقیناً سوچ سمجھ کر کیے ہوں گے، اس لیے ان فیصلوں کی تفصیل بورڈ حکام ہی بہتر طور پر بتا سکتے ہیں۔

بابر اعظم نے مزید بتایا کہ ٹیم میں تبدیلیوں کی خبر ان کے لیے بھی نئی تھی اور انہیں بھی اس بارے میں بعد میں معلوم ہوا۔

مزیدخبریں