ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی صوبے سے متعلق مؤقف کھل کر بیان کریں: سعید غنی

04:53 PM, 9 Sep, 2026

کراچی: صوبائی وزیرِ محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کو صوبے سے متعلق اپنا مؤقف کھل کر عوام کے سامنے رکھنا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین نے پہلے قرارداد کی حمایت کی تھی، ان سے سوال ہونا چاہیے کہ انہوں نے قرارداد پر ووٹ کیوں نہیں دیا۔ اگر آپ سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں تو قرارداد کو سپورٹ کرنا چاہیے تھا۔

 انہوں نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ جماعت اسلامی کا امیر سڑکوں پر کہے کہ ہم نیا صوبہ نہیں چاہتے، لیکن جب اسمبلی میں فیصلے کی بات آتی ہے تو راہِ فرار اختیار کی جائے۔

 سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے نیا ڈرامہ شروع کر رکھا ہے۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد سندھو دیش کے خلاف تھی، جسے مسترد کردیا گیا۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ میں بتانا چاہتا ہوں کہ سندھو دیش اس وقت موضوع ہی نہیں ہے۔ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کو صوبے کے معاملے پر اپنا واضح مؤقف دینا چاہیے۔

 سعید غنی نے مزید کہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم کے لوگ ایک دوسرے کے اصل چہرے قوم کو دکھاتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے قومی اور صوبائی اسمبلی میں ایک بھی نشست نہیں جیتی، انہیں سیٹیں جتوائی گئیں۔

مزیدخبریں