کورونا وائرس کے وار تیز، پاکستان میں متاثرہ افراد اور اموات میں اضافہ

11:48 AM, 10 Apr, 2020

لاہور :  کورونا وائرس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے قدم جما لیے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مریضوں اور اموات میں اضافہ ہو تا چلا جارہاہے تاہم پاکستان میں صورتحال کافی حد تک کنٹرول میں ہے جبکہ امریکہ میں وبا قابو سے باہر ہوتی چلی جارہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران2478 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 284 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4601 ہو گئی ہے جبکہ چاراور افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور وائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 66 ہو گئی ہے ۔ملک میں اب تک 54 ہزار 706 ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں ۔

کورونا وائرس کے باعث 45 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ 727 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔

اس وقت سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز پنجاب میں ہیں جہاں تعداد 2279 ہو گئی ہے جبکہ سندھ میں 1128 ، کے پی کے میں 620 ، بلوچستان میں 219 ، گلگت بلتستان میں 215، اسلام آباد میں 107 اور آزاد کشمیر میں 33 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔

صوبہ سندھ میں اب تک 349 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں جبکہ پنجاب میں 39 ، خیبر پختون خواہ میں 128 ، اسلام آباد میں 10 ، گلگت بلتستان میں 111 ، بلوچستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض نے کورونا کوشکست دے دی ہے ۔کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات اس وقت تک خیبر پختون خواہ میں ہوئی ہیں جہاں تعداد 22 ہو گئی ہے ، سندھ میں 21 ، پنجاب میں 18 ، گلگت بلتستان میں تین، بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک ایک مریض وائرس کے باعث انتقال کر گیا ہے ۔

مزیدخبریں