جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: جہانگیر ترین کی ضمانت میں 22 اپریل تک توسیع

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: جہانگیر ترین کی ضمانت میں 22 اپریل تک توسیع
کیپشن: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: جہانگیر ترین کی ضمانت میں 22 اپریل تک توسیع
سورس: file

لاہور : منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کی ضمانت میں 22 اپریل تک توسیع ہوگئی ہے۔ 

ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ جہانگیر ترین اور علی ترین بھی پیش ہوئے۔جہانگیر ترین قافلے کی صورت میں سیشن عدالت پہنچے۔

جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ  ایف آئی اے نے کل جہانگیر ترین اور علی ترین کو بلایا تھا ۔دونوں  پیش ہوئے تھے ۔بظاہر لگ رہا ہے کہ ایف آئی اے دوبارہ طلب کرے گا ۔ کرونا کے حالات عدالت کے سامنے ہیں ۔عدالت لمبی تاریخ دے ۔ 

ایڈیشنل سیشن جج نے ایف آئی اے کے وکیل سے پوچھا کہ کیا ایف آئی اے کو کورٹ کی اختیار پر کوئی اعتراض تو نہیں ۔وکیل نے جواب دیا کہ  ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔عدالت ملزمان کو انوسٹی گیشن جوائن کرنے کا حکم دے۔

اس پر جج حامد حسین نے  تمام ملزمان ایف آئی اے میں شامل تفتیش ہونےاور ایف آئی اے کوہر ملزم کا کردار بتائے اور انوسٹی گیشن شفاف کرنے کا حکم دیا۔بعد ازاں عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی ضمانت میں 22 اپریل تک توسیع کر دی۔

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے طلب کرنے پر گزشتہ روز جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین  پیش ہوئے تھے۔جہانگیر ترین اور علی ترین کو شیئر ہولڈرز کے ساتھ مبینہ فراڈ کے کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

دونوں کی پیشی کے بعد ایف آئی اے کی درخواست پر جہانگیر  ترین اور  ان کے خاندان کے 36 اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے  تھے۔ 9 سرکاری اور نجی بینکوں نے جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 4 امریکی ڈالرز، دو برطانوی پاؤنڈز اور 30 پاکستانی کرنسی کے اکاؤنٹس منجمد کیے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جو اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ان میں علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ آمنہ ترین کا ایک اکاؤنٹ شامل ہے۔

دریں اثنا  گزشتہ رات جہانگیر ترین نے اپنے ہم خیال ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا جس میں  8 ارکان قومی اسمبلی، 2 صوبائی وزراء اور 4 صوبائی مشیروں سمیت 21 ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔ عشایئے میں شرکت کرنے والے ارکان قومی اسمبلی میں راجہ ریاض، سمیع گیلانی ، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، مبین عالم انور، جاوید وڑائچ، غلام بی بی بھروانہ اور غلام لالی شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ عشائیہ میں صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال اورصوبائی وزیر اجمل چیمہ، صوبائی مشیر عبدالحئی دستی، امیر محمد خان، رفاقت گیلانی اور فیصل جبوانہ بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق خرم لغاری، اسلم بھروانہ، نذیر چوہان، آصف مجید ، بلال وڑائچ، عمر آفتاب، طاہر رندھاوا، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، امین چوہدری، سجاد وڑائچ، سمن نعیم، افتخار گوندل اور عون چودھری نے بھی عشائیے میں شرکت کی۔