پی ایس ایل 10 کا آغاز کل سے، کرکٹ کے شائقین کا انتظار اختتام کے قریب

11:40 AM, 10 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور :  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 10 واں ایڈیشن کل 11 اپریل سے شروع ہو رہا ہے، اور کرکٹ کے شائقین کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ پی ایس ایل 10 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چھ ٹیمیں اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ ان ٹیموں میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ،  لاہور قلندرز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔

اس سال کی لیگ میں قومی اور غیر ملکی کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس ایونٹ میں چند نئے کرکٹ کے ستارے بھی ابھریں گے، جو اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کا دل جیتیں گے۔ تاہم، ناقص کارکردگی کے نتیجے میں کچھ نامور کھلاڑی اپنی شہرت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل کو پنڈی سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ اور 2 مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا، جس کے بعد لیگ میں دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

پی ایس ایل 10 میں مجموعی طور پر 34 میچز ہوں گے، جن میں سے 13 میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پنڈی سٹیڈیم میں 11 میچز ہوں گے، جبکہ کراچی اور ملتان میں بالترتیب 5،5 میچز کھیلے جائیں گے۔ کراچی کنگز اپنے تمام ابتدائی میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی۔

ہر ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ گروپ مرحلے میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرے، تاکہ ٹاپ پوزیشن حاصل کی جا سکے۔ 13 مئی کو پنڈی سٹیڈیم میں کوالیفائر، 14 مئی کو لاہور میں پہلا ایلیمنیٹر اور 16 مئی کو دوسرا ایلیمنیٹر کھیلا جائے گا، جب کہ 18 مئی کو قذافی سٹیڈیم میں فائنل ہوگا، جس کے بعد ٹرافی کا فاتح فیصلہ ہوگا۔

راوں سا ل کی پلیئر ڈرافٹنگ بھی شاندار رہی، جہاں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر سب سے مہنگے کھلاڑی بنے۔ کراچی کنگز نے انہیں شان مسعود کی جگہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا۔ دوسری جانب، پاکستان کے مشہور کرکٹر سرفراز احمد اور دیگر اہم کھلاڑی جیسے ٹم ساؤتھی، جیسن روئے، ایلکس ہیلز اور عثمان خواجہ کو کسی بھی ٹیم نے خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔

لیگ میں شامل معروف کرکٹرز اپنی شاندار پرفارمنس کے ذریعے پی ایس ایل کو مزید کامیاب بنانے کے لیے تیار ہیں۔ پی ایس ایل 10 کی کامیابی نہ صرف پاکستان کرکٹ کے لیے اہم ہوگی بلکہ یہ نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کا بہترین موقع بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں