محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: کل ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

10:00 PM, 10 Apr, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں کل بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ حکام کے مطابق، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود  ہونے کے ساتھ ساتھ  تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

آج ریکارڈ ہونے والے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں دادو اور شہید بینظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ، لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر، اور موہنجو دڑو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پچھلے روز کے موسم کے حوالے سے، ملک کے بیشتر حصوں میں خشک اور گرم موسم رہا، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب اور جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

مزیدخبریں