آبنائے ہرمز کی بحالی: وزیراعظم کیئر سٹارمر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ

06:26 PM, 10 Apr, 2026

لندن:  برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور امریکی صدر کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور خاص طور پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے فوجی و لاجسٹک امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ڈاؤننگ سٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کیئر سٹارمر نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی راستوں کی بحالی عالمی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ گفتگو کے دوران اہم فوجی امور اور لاجسٹک چیلنجز کو زیرِ بحث لایا گیا اور دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ معاملے کے حل کے لیے اب عملی اقدامات یا "اگلے مرحلے" کا وقت آ گیا ہے۔
وزیراعظم سٹارمر نے امریکی صدر کو خلیجی ریاستوں کے سربراہان اور فوجی ماہرین کے ساتھ ہونے والی اپنی حالیہ ملاقاتوں اور مشاورت کے نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ  برطانیہ اس وقت اپنے تمام بین الاقوامی شراکت داروں کو ایک ایسے قابلِ عمل منصوبے پر متفق کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس سے خطے میں استحکام آ سکے۔دونوں عالمی رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحری جہازوں کی آمد و رفت کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے ایک مؤثر اور عملی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ اعلامیے کے آخر میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس حساس معاملے پر مسلسل رابطے میں رہنے اور جلد دوبارہ بات چیت کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

مزیدخبریں