جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی، شیخ رشید نے بھارت کو خبردار کردیا

جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی، شیخ رشید نے بھارت کو خبردار کردیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غلط فیصلے سے سری نگر قبرستان بن جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ سری نگر میں بھارت کا سیاسی، معاشی اور آئینی جنازہ نکل جائے گا، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے ہم ثابت کریں کشمیر ہمارا حصہ ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آج مودی دنیا میں ہٹلر کی کاپی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے بھی کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہورہا ہے جبکہ سعودی عرب، بحرین، عمان اور ملائیشیا نے معاملے پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان امریکہ معاملات جلد حل ہوتے دیکھ رہا ہوں، افغانستان سے نکلنے کی طالبان سے زیادہ اب امریکہ کو جلدی ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ مودی نے خودکشی کا فیصلہ کرلیا ہے اور کشمیر کے فیصلے پر بہت مشکل میں آئے گا۔