واشنگٹن : سائنسدانوں نے بچوں اور بچیوں میں 8 سے 9 سال کی عمر میں جلد بلوغت کی وجہ بننے والے ایک کیمیکل کا پتہ لگا لیا ہے۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سستے پرفیومز، کاسمیٹکس اور گھریلو مصنوعات میں عام پایا جانے والا کیمیکل مسک ایمبریٹ (Musk Ambrette) لڑکیوں میں بلوغت جلد شروع ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کیمیکل دماغ کے اس حصے کو متاثر کرتا ہے جو بلوغت کے عمل کو شروع کرتا ہے۔ امریکہ کی ایموری یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ سماجی و اقتصادی طور پر کمزور اور نسلی اقلیتوں میں جلد بلوغت کے کیسز زیادہ دیکھے جا رہے ہیں، اور قبل از وقت بلوغت کے طویل مدتی اثرات ہو سکتے ہیں۔
قبل از وقت بلوغت کو چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر، موٹاپے، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کے خطرات سے بھی جوڑا گیا ہے۔ تاہم، ماہرین کہتے ہیں کہ جلد بلوغت کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں اور کسی ایک کیمیکل کو واحد ذمہ دار قرار دینا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس کیمیکل کے انسانی صحت پر مکمل اثرات جاننے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے، اور ابھی اس پر پابندی لگانا مناسب نہیں ہوگا۔ تاہم، والدین سے درخواست ہے کہ وہ اپنے بچوں کی استعمال ہونے والی مصنوعات میں مسک ایمبریٹ کی موجودگی کا خاص خیال رکھیں۔