واشنگٹن: امریکی پاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ نے مبینہ طور پر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنے گانوں کے سیاسی نوعیت کے سوشل میڈیا مواد میں استعمال پر کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاک کی متعدد ویڈیوز سے اپنی موسیقی کی آڈیو ہٹوا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کی جانب سے ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی کئی ویڈیوز میں ٹیلر سوئفٹ کے معروف گانے استعمال کیے گئے تھے، تاہم اب ان ویڈیوز میں متعلقہ آڈیو دستیاب نہیں رہی اور وہ میوٹ ہوچکی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ نے اس معاملے پر تاحال کوئی تفصیلی یا براہِ راست بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم ان ویڈیوز سے ان کے گانوں کی آواز ہٹائے جانے کے بعد یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ گلوکارہ نے اپنے میوزک کے سیاسی استعمال پر بالواسطہ طور پر اعتراض کیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ ماضی میں بھی سیاسی معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہی ہیں، تاہم اس معاملے میں انہوں نے براہِ راست کوئی مؤقف سامنے نہیں رکھا۔
ٹرمپ ٹیم کی جانب سے ان کے گانوں کے استعمال اور بعد ازاں ویڈیوز کے میوٹ ہونے کی صورتحال نے سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔