ٹیرف میرا پسندیدہ لفظ، ملک میں اربوں ڈالر آ رہے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

09:35 AM, 10 Dec, 2025

پنسلوانیا : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوانیا میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہا اور ٹیرف کو اپنے لیے "پسندیدہ لفظ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے امریکا میں اربوں ڈالر کی آمد ہو رہی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں متعدد اہم دعوے کیے اور سابق صدر بائیڈن کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف کی آمدنی سے امریکی کسانوں کو 12 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے، اور پنسلوانیا میں انرجی کمپنی 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، جو امریکی معیشت کے لیے خوش آئند قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، قطر اور یو اے ای نے امریکا میں 4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، اور ان تینوں ممالک کے سربراہان کے مطابق امریکا ایک سال میں دوبارہ طاقتور ملک بن چکا ہے۔

معاشی ترقی کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملک میں تیل کی قیمت دو ڈالر فی گیلن سے نیچے آچکی ہے اور محنت کش طبقے کی آمدنی دوگنا ہو چکی ہے۔ انہوں نے سابق صدر بائیڈن کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی پالیسیوں نے ورکنگ کلاس کو نقصان پہنچایا اور ان کے دور میں 2 کروڑ 50 لاکھ افراد غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے بارڈر سکیورٹی پر بھی زور دیا، اور کہا کہ دنیا کی سخت ترین سرحد شمالی کوریا کی ہے، جبکہ امریکا میں اس وقت "ریورس مائیگریشن" ہو رہی ہے، یعنی لوگوں کا اپنے ممالک واپس جانا شروع ہو گیا ہے۔

عالمی امن کے حوالے سے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروا کر عالمی امن کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے، اور اس کے علاوہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی کا بھی خاتمہ کیا ہے۔

مزیدخبریں