رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا

12:16 PM, 10 Feb, 2026

لاہور : رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا، جسے "رِنگ آف فائر" کا نام دیا گیا ہے۔ اس گرہن کے دوران چاند سورج کو اس طرح چھپائے گا کہ اس کا بیرونی حصہ ایک حلقے یا چھلے کی طرح نظر آئے گا، جو اس منظر کو ایک منفرد اور دلکش بنا دیتا ہے۔

تاہم، یہ "رِنگ آف فائر" کا منظر پاکستان میں نہیں دیکھا جا سکے گا، بلکہ یہ صرف انٹارکٹیکا میں دکھائی دے گا۔ جنوبی امریکہ اور جنوبی افریقا کے کچھ حصوں میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا، لیکن باقی دنیا اس خوبصورت منظر سے محروم رہے گی۔

سورج گرہن کا آغاز 17 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12:01 بجے ہوگا۔ مکمل "رِنگ آف فائر" صرف انٹارکٹیکا میں دیکھنے کو ملے گا، جبکہ چلی، ارجنٹینا اور جنوبی افریقا کے کچھ علاقوں میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔

"رِنگ آف فائر" یا annular گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند سورج اور زمین کے درمیان اس وقت آتا ہے جب وہ ہمارے سیارے سے سب سے زیادہ دور ہوتا ہے۔ چونکہ چاند زمین سے دور ہوتا ہے، وہ سورج کو مکمل طور پر چھپانے میں ناکام رہتا ہے، جس کی وجہ سے ہمیں اس منفرد "رِنگ آف فائر" کا منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔

اگرچہ پاکستان میں سورج گرہن کو دیکھنا ممکن نہیں ہوگا، لیکن Time and Date ویب سروس کی لائیو اسٹریم کے ذریعے دنیا بھر کے لوگ اس شاندار منظر کا لطف اٹھا سکیں گے۔

مزیدخبریں