انگلینڈ کی پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 211 رنز سے شکست

01:19 PM, 10 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

لارڈز :انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 211 رنز سے شکست دیدی ۔ مین آف دی میچ معین علی نے ایوارڈ پاکستانی سابق اسپنر ثقلین مشتاق کے نام کر دیا ۔

 اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتانی کرنے والے جو روٹ نے ناصرف ریکارڈ سنچری بنائی بلکہ ان کی قیادت میں 57 سالہ جمود بھی ٹوٹ گیا۔

تفصیلات کے مطابق  چوتھے روز انگلینڈ نے 119 رنز 1 کھلاڑی آﺅٹ سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو جنوبی افریقی باﺅلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا اورپوری ٹیم 233 رنز پر آﺅٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 331 رنز کا ہدف دیا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے سابق کپتان الیسٹر کک نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کیٹن کیننگز نے 33، گیری بیلنس نے 34، جو روٹ نے 5، جونی بیرسٹو نے 51، بین سٹوکس نے 1، معین علی نے 7 اور مارک ووڈ نے 28 رنز بنائے جبکہ لائم ڈاﺅسن، سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کوئی سکور بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مورنی مورکل اور کاگیسو ربادا نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور معین علی کی شاندار باﺅلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 119 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی جبکہ اس کے پانچ کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ 
ٹیمبا باووما نے سب سے زیادہ 21 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہی نو کوہن نے 9، ڈین ایلگر نے 2، ہاشم آملہ نے 11، جے پی ڈومنی نے 2، کوینٹن ڈی کوک نے 18، تھیونس ڈی بروئین نے 1، ویرنون فلینڈر نے 19، کیشو مہاراج نے 10، کاگیسو ربادا نے 4 اور مورنی مورکل نے 14 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے انتہائی عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 اوورز میں 53 رنز کی بدولت 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ٹیم کی جیت میں انتہائی اہم کردار ادا کیا اور لائم ڈاﺅسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمز اینڈرسن اور مارک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کپتان جو روٹ کے شاندار 190 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں 458 رنز بنائے تھے جبکہ معین علی نے بھی 87 رنز جوڑے تھے۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 458 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 361 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی تھی۔ 
انگلینڈ نے لارڈز کے تاریخی میدان میں جنوبی افریقہ کو یادگار شکست سے دوچار کر کے 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 جولائی تک نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں