مرتضیٰ وہاب بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی منظور نہیں، گورنر سندھ

مرتضیٰ وہاب بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی منظور نہیں، گورنر سندھ
کیپشن: مرتضیٰ وہاب بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی منظور نہیں، گورنر سندھ
سورس: فائل فوٹو

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہےکہ مرتضیٰ وہاب کسی صورت بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی منظور نہیں، طے ہوا تھا ایڈ منسٹریٹر دونوں حکومتوں کی مشاورت سے بنایا جائے گا۔

گورنر ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مرتضٰی وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی کو ہرگز قبول نہیں کریں گے،  مشترکہ اجلاس میں طے پایا تھا کہ یہ عہدہ وفاق اور سندھ حکومت کی باہمی رضامندی سے ایسے شخص کو دیا جائے گا جو غیر سیاسی اور انتظامی تجربہ رکھتا ہو۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبے میں کوئی تاخیر نہیں ہو گی اور منصوبے پر اسپین کی کمپنی سے بات ہو رہی ہے جبکہ کراچی کے شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور گرین لائن بس منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سندھ کی حکومت نے مشیرِ ماحولیات مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کی صوبائی کابینہ کے کئی اراکین نے مخالفت کی تھی۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تجویز پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اس کی منظوری دی تھی۔ 

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی امریکا سے وطن واپسی پر مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔