اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کا معاملہ ، تحقیقات میں حیران کن انکشافات

12:00 PM, 10 Jul, 2025

کراچی : کراچی میں اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی دریافت کے بعد تحقیقات میں کئی حیران کن انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ ڈیفنس فیز 6 سے ملنے والی اداکارہ کی لاش ممکنہ طور پر چھ ماہ سے زائد پرانی ہے۔ تاہم حتمی تفصیلات میڈیکل رپورٹ میں سامنے آئیں گی۔

پولیس حکام کے مطابق، حمیرا اصغر کے فلیٹ سے ملنے والے کھانے پینے کے سامان پر ایکسپائری تاریخ 2024 کی درج ہے، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ سامان 2024 کے آخری ماہ میں ایکسپائر ہو چکا تھا۔ اس کے علاوہ، اداکارہ کے فون ریکارڈ میں بھی آخری کالز اور میسجز 2024 کے ہیں، جو اس بات کو مزید مستحکم کرتا ہے کہ موت کا واقعہ اسی سال میں پیش آیا ہو گا۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید کہا کہ اداکارہ کے فون میں آخری میسج ایک نجی آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا تھا، جبکہ ان کے فلیٹ کی بجلی بھی کافی عرصے سے کٹ چکی تھی۔ ان کے فلیٹ کے مالک سے آخری رابطہ بھی 2024 میں ہوا تھا۔

پولیس نے میڈیکو لیگل آفیسر کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ کی لاش ڈی کمپوز ہونے کی ایڈوانس اسٹیج پر تھی اور اس وقت اس کی وجہ موت بتانا مشکل تھا۔ تاہم، لاش سے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزامن کے لیے سیمپلز لیے گئے ہیں، جن کے نتائج کے بعد اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔

ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق، لاش کی حالت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک ماہ سے بھی زیادہ پرانی ہو سکتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا اور ان کے اہلخانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، مگر والد نے کہا کہ ان کا اپنی بیٹی سے کوئی رابطہ یا تعلق نہیں تھا۔

آج، اداکارہ کے اہلخانہ لاہور سے کراچی پہنچ کر ان کی میت وصول کریں گے۔

تحقیقات کا جاری عمل
اس وقت پولیس حکام اور میڈیکل ٹیم کی جانب سے تحقیقات کا عمل جاری ہے تاکہ حمیرا اصغر کی موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

مزیدخبریں