بجلی چوری میں بڑی کمپنیاں ملوث، 151 ارب روپے کی بچت کی گئی، وزیر توانائی

03:25 PM, 10 Jul, 2025

اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں بجلی چوری میں بڑی بڑی کمپنیاں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال توانائی کے شعبے کو مجموعی طور پر 591 ارب روپے کا نقصان ہوا، تاہم حکومت کی کوششوں سے ان نقصانات کو کم کر کے 399 ارب روپے تک لایا گیا ہے، جس سے 151 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔

وزیر توانائی نے دعویٰ کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی کارکردگی میں بہتری لائی گئی ہے اور ان میں میرٹ پر بورڈ ممبران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ان اقدامات سے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا آغاز ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 276 ارب روپے کی بجلی چوری کی گئی، جبکہ ڈسکوز کی جانب سے 315 ارب روپے کی وصولیاں بھی نہیں ہو سکیں۔ حکومت نے چوری اور نقصانات میں کمی کے لیے 100 ارب روپے کے ریلیف کا ہدف مقرر کیا تھا۔

اویس لغاری نے کہا کہ کچھ ڈسکوز نے بجلی چوری کی روک تھام میں واضح بہتری دکھائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں بہتری کے لیے وزیراعظم اور کابینہ خود نگرانی کر رہے ہیں، کیونکہ 591 ارب روپے کا نقصان ایک سنگین مسئلہ ہے۔

وزیر توانائی نے یہ بھی کہا کہ بجٹ میں جہاں امیروں کو اربوں روپے کی ٹیکس چھوٹ دی گئی، وہیں غریب عوام ایک بار پھر ریلیف سے محروم رہے، جس پر حکومتی پالیسی پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں