لاہور:پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب مہم کے بعد اب نئی مہم "سدھرا پنجاب" شروع کی گئی ہے تاکہ صوبے میں ترقی اور صفائی کے کام مزید بہتر کیے جا سکیں۔
عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بعض لوگ آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے بغیر تحقیق کے غلط خبریں پھیلا رہے ہیں، جبکہ یوم عاشورہ پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے اور تمام مسالک نے مذہبی ہم آہنگی کا بہترین مظاہرہ کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، خاص طور پر لاہور میں 68 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور کو کئی بین الاقوامی شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ چکوال، بھلوال اور حافظ آباد میں گزشتہ دو دنوں میں کوئی واردات نہیں ہوئی، جبکہ گجرات میں گزشتہ روز چوری کی واردات ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر سے 1509 اشتہاری گرفتار کیے گئے ہیں اور 614 بچوں کو ملزمان سے بازیاب کرایا گیا ہے۔ صوبے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبائی محکمہ سی سی ڈی کو ایف بی آئی کے طرز پر مضبوط کیا گیا ہے، جو 1500 سے زائد اشتہاریوں کو گرفتار کر چکا ہے اور اس کی انویسٹی گیشن کو مکمل تسلیم کیا جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ پنجاب میں کسی چور یا ڈاکو کو اب رہائی نہیں دی جائے گی، اور ستھرا پنجاب کی کامیابی کے بعد اب سدھرا پنجاب مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ صوبے کی ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔