اوپن اے آئی کی ویب براؤزر لانچ کی تیاریاں مکمل

07:53 PM, 10 Jul, 2025

کیلیفورنیا:اوپن اے آئی، جس نے مقبول چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی تیار کیا، اب گوگل کے کاروباری شعبے میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، کمپنی آئندہ چند ہفتوں کے اندر اپنا نیا ویب براؤزر پیش کرنے والی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ براؤزر جدید مصنوعی ذہانت کی خصوصیات سے آراستہ ہوگا جو صارفین کے روزمرہ کے کئی کام خود بخود انجام دے سکے گا۔ اس کے ذریعے صارفین کے ویب براؤزنگ ڈیٹا تک براہ راست رسائی ممکن ہو گی، جس کا مقصد اوپن اے آئی کی سروسز کو صارفین کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگیوں کا لازمی جزو بنانا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ براؤزر گوگل کے اوپن سورس کرومیم پلیٹ فارم پر بنایا جائے گا، جو گوگل کروم، مائیکروسافٹ ایج اور اوپیرا جیسے معروف براؤزرز کی بنیاد ہے۔ اس کا یوزر انٹرفیس گوگل کے اے آئی اوور ویو کی طرز پر ہوگا تاکہ صارفین کو بہتر اے آئی چیٹ بوٹ کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

اوپن اے آئی نے مئی 2024 میں اپنا اے آئی سرچ انجن متعارف کروایا تھا، جو نومبر 2024 میں صارفین کے لیے جاری کیا گیا۔ اگرچہ چیٹ جی پی ٹی کے 50 کروڑ سے زائد صارفین ہیں، گوگل کروم کے 3 ارب سے زائد صارفین کے مقابلے میں اسے نمایاں چیلنج درپیش ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اوپن اے آئی کے اس نئے براؤزر کے لانچ سے گوگل کروم کو ممکنہ مقابلہ کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم مارکیٹ پر اس کے اثرات ابھی واضح نہیں۔

مزیدخبریں