عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

09:34 PM, 10 Jul, 2026

کراچی: عالمی بینک نے پاکستان کے توانائی شعبے کی بہتری کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جو 10 سالہ توانائی پروگرام کے ابتدائی مرحلے پر خرچ کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت فراہم کی جانے والی رقم قومی پاور گرڈ کی اپ گریڈیشن، بجلی کی ترسیل کے جدید نظام کی تنصیب اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر استعمال ہوگی تاکہ بجلی کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

عالمی بینک کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے 640 میگاواٹ ونڈ پاور کو قومی گرڈ کا حصہ بنایا جائے گا، جس سے قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ ملے گا۔

منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی ترسیل میں نمایاں بہتری، لوڈشیڈنگ میں کمی اور بجلی کی پیداواری و ترسیلی لاگت میں کمی آنے کی توقع ہے۔ اس کے فوائد گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین تک پہنچیں گے۔

علاوہ ازیں، توانائی کے نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی، جبکہ اس منصوبے سے ہر سال تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ حکومت کی پاور سیکٹر اصلاحات کو مضبوط بنانے، قومی گرڈ کو مستحکم کرنے اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
 
 
 

مزیدخبریں