وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

11:08 PM, 10 Jul, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ فریق تحمل، بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ حالیہ مہینوں میں امن کے لیے ہونے والی پیش رفت متاثر نہ ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران سمیت تمام متعلقہ ممالک پر زور دیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے میں تناؤ میں اضافے یا امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہوں۔

انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

صدر مسعود پزشکیان نے مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس حوالے سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ان فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت اہم باہمی امور پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں