لاہور : پنجاب حکومت آئندہ مالی سال 26 -2025 کا بجٹ 13 جون کو پیش کرے گی۔ محکمہ خزانہ نے بجٹ اجلاس بلانے کی سمری ارسال کر دی ہے، جس کی محکمہ قانون پنجاب نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس لگانے کا امکان نہیں ہے اور نہ ہی موجودہ ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا، جس سے عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
بجٹ میں تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبوں کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ تعلیم کے لیے پچھلے سال کے مقابلے میں 110 ارب روپے زیادہ مختص کیے جائیں گے، جب کہ صحت کے شعبے کو 90 ارب روپے اضافی دیے جائیں گے۔
سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت نے بجٹ میں 600 فیصد سے زائد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس شعبے کے لیے 35 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔