پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں، ہیٹ ویو 13 جون تک برقرار رہنے کا امکان

02:20 PM, 10 Jun, 2025

لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا سلسلہ جاری ہے، جو محکمہ موسمیات کے مطابق 13 جون تک برقرار رہ سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، گجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال سمیت کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

جنوبی پنجاب کے علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، خاص طور پر ملتان، بہاولپور، اور رحیم یار خان میں صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے۔ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ چکا ہے۔

ڈیرہ غازی خان اور نور پور تھل میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ بھکر، گجرانوالہ، کوٹ ادو اور بہاولنگر میں بھی گرمی کا پارہ 47 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا زیادہ استعمال کریں، بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں، اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

مزیدخبریں