اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج کچھ دیر بعد ہوگا، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری ہوگی۔
اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کا عملہ اجلاس کے مقام پر پہنچ چکا ہے، جب کہ کابینہ اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی جائے گی، جب کہ وزارت خزانہ کی جانب سے 6 فیصد اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حتمی منظوری اجلاس کے دوران دی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔ وہ کابینہ اجلاس میں بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ "ان شاء اللہ، بجٹ کے بعد بھی مالی نظم و ضبط برقرار رہے گا۔"