عزم آزمایا گیا تو بھرپور جواب دیں گے: ایرانی قیادت کی امریکا کو حتمی وارننگ

09:51 AM, 10 Jun, 2026

تہران: آبنائے ہرمز میں امریکی ہیلی کاپٹر کی تباہی اور اس کے بعد امریکی بمباری کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی کے بعد، ایران کی اعلیٰ قیادت نے امریکا کو خطہ چھوڑنے کا حتمی الٹی میٹم دیتے ہوئے سخت نتائج کی دھمکی دے دی ہے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں امریکا کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اگر امریکا محفوظ رہنا چاہتا ہے تو وہ اس خطے سے نکل جائے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ میدانِ جنگ میں شکست کے باوجود امریکا ہمارے عزم کو آزما رہا ہے، لیکن ہماری طاقتور افواج کسی بھی حملے یا دھمکی کا جواب دیے بغیر نہیں رہیں گی۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خلیجِ فارس کی تاریخ بیرونی حملہ آوروں کی تباہی کے ابواب سے بھری پڑی ہے۔

دوسری جانب، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تہران کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے لیے سفارتکاری ہمیشہ پہلی ترجیح ہے، لیکن ہم دوسری زبانیں بھی اچھے سے جانتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وعدوں کی خلاف ورزی کی گئی، تو ایران امریکا کو اُس زبان میں جواب دے گا جس پر اسے سب سے زیادہ عبور حاصل ہے۔

اسی دوران ایرانی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین ابراہیم عزیزی نے تہران کے غیر لچکدار عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کو بھی جنگ ہی کا ایک حصہ سمجھتے ہیں، اور ایران لبنان کے معاملے پر اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ایرانی قیادت کے ان تند و تیز بیانات کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال انتہائی سنسنی خیز ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں