لندن: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی لندن میں برٹش ایشین ٹرسٹ کی تقریب کے دوران برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سے ملاقات ہوئی، جسے اداکارہ نے ایک خوشگوار اور بامعنی گفتگو قرار دیا۔
تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران برٹش ایشین ٹرسٹ کے تحت جاری سماجی اور فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ان کے مطابق شاہ چارلس نے ان کے فلاحی اور سماجی کاموں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور اس سلسلے میں ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ شاہ چارلس ایک خوش اخلاق اور متاثر کن شخصیت ہیں جو سماجی منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھتے ہیں اور مختلف منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں مسلسل آگاہی حاصل کر رہے تھے۔
ماہرہ خان کے مطابق یہ ملاقات ان کے لیے یادگار رہی، جس میں ذہنی صحت اور سماجی بہبود جیسے اہم موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی امراض کو دیگر بیماریوں کی طرح سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ معاشرے میں ہراسانی اور تشدد جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے اجتماعی سوچ میں تبدیلی ضروری ہے، جبکہ قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت اقدامات سے مثبت پیغام جائے گا۔
ماہرہ خان اور شاہ چارلس کی ملاقات، فلاحی کاموں پر گفتگو
06:31 PM, 10 Jun, 2026