سٹیٹ بینک کا شرح سود 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

04:21 PM, 10 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی :سٹیٹ بینک آف پاکستان  نے شرح سود کو 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے معاشی استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین کی جانب سے توقع تھی کہ سٹیٹ بینک شرح سود میں مزید کمی کرے گا، لیکن اس نے اسے 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں ملک کی معاشی کارکردگی اور موجودہ اقتصادی حالات کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے پریس کانفرنس میں اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں شرح سود میں کمی کی گئی تھی اور موجودہ صورتحال میں اس سطح پر برقرار رکھنے کی ضرورت تھی۔

یاد رہے کہ 27 جنوری 2025 کو سٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کرتے ہوئے اسے 12 فیصد پر لایا تھا، جو کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں پانچویں مرتبہ شرح سود میں کمی کا فیصلہ تھا۔ اس سے قبل، 16 دسمبر 2024 کو اسٹیٹ بینک نے شرح سود 200 بیسس پوائنٹس کم کرتے ہوئے اسے 13 فیصد تک لے آیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اس کمی سے معیشت کو فروغ ملے گا اور مہنگائی پر قابو پایا جائے گا۔

مزیدخبریں