تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعووں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے اختتام کا فیصلہ صرف ایران خود کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ کی ایران سے متعلق باتیں بے معنی ہیں اور خطے میں سلامتی یا تو سب کے لیے ہوگی یا کسی کے لیے بھی نہیں۔ ایرانی حکام نے خبردار کیا کہ اگر امریکا اور اسرائیل کے حملے جاری رہے تو وہ خطے سے ایک قطرہ بھی تیل برآمد نہیں ہونے دیں گے۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ جو ملک اسرائیلی اور امریکی سفیروں کو نکالے گا، وہ آبنائے ہرمز کو استعمال کر سکے گا، اور ان ممالک کے لیے آج سے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔
یہ ردعمل ٹرمپ کے حالیہ دعووں کے بعد آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ بڑی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور ایران کے پاس میزائل صرف چند باقی ہیں۔