کراچی : ملک بھر میں پٹرول کی ممکنہ قلت اور بحران کے بادل چھٹ گئے۔ پورٹ قاسم پر پٹرول سے بھرے بحری جہازوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے سپلائی چین میں بہتری اور ذخائر میں اضافے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، پٹرول کی ترسیل کے حوالے سے درج ذیل صورتحال سامنے آئی ہے۔
پٹرول سے لدا پہلا بحری جہاز پورٹ قاسم پر کامیابی سے لنگر انداز ہو چکا ہے اور جلد ہی اس سے ایندھن کی منتقلی شروع کر دی جائے گی۔ 55 ہزار میٹرک ٹن پٹرول لے کر دوسرا جہاز آج رات 8 بج کر 30 منٹ پر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔ مزید 34 ہزار میٹرک ٹن پٹرول لے کر تیسرا جہاز کل دوپہر تک کراچی پورٹ قاسم پہنچ جائے گا۔
تیل بردار جہازوں کی اس تسلسل سے آمد کے بعد مارکیٹ میں پٹرول کی فراہمی معمول پر آنے کی توقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان جہازوں کے لنگر انداز ہونے سے ملک میں موجود پٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جس کے بعد کسی بھی قسم کے بحران یا پٹرول پمپس پر راشننگ کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔
پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری: ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ ٹل گیا، تیل بردار جہازوں کی آمد شروع
05:18 PM, 10 Mar, 2026