ایرانی ڈرونز کا توڑ، صدر زیلنسکی کا سعودی عرب، یو اے ای اور قطر میں فوجی ماہرین بھیجنے کا اعلان

10:14 PM, 10 Mar, 2026

کیف :یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین اپنے تجربہ کار فوجی ماہرین کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر روانہ کرے گا۔ ان ماہرین کا بنیادی مقصد ان ممالک کی افواج کو ایرانی ساختہ ڈرونز (خصوصاً شاہد ڈرونز) کو فضا میں ہی تباہ کرنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے مؤثر طریقوں پر مشاورت فراہم کرنا ہے۔
صدر زیلنسکی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ یوکرین کے پاس ایرانی ڈرونز کو گرانے کا دنیا میں سب سے زیادہ اور کامیاب جنگی تجربہ ہے۔ روس نے یوکرین پر حملوں کے دوران بڑے پیمانے پر ایرانی ساختہ 'شاہد' ڈرونز کا استعمال کیا ہے، جس کے جواب میں یوکرین نے نہ صرف اپنا دفاع کیا بلکہ ان ڈرونز کو سستے داموں مار گرانے کی جدید تکنیک بھی وضع کی۔
 یوکرینی ماہرین خلیجی ممالک کو بتائیں گے کہ کس طرح مہنگے میزائلوں کے بجائے سستی ٹیکنالوجی اور 'انٹرسیپٹر ڈرونز' کے ذریعے ایرانی خطرات کو ناکارہ بنایا جا سکتا ہے۔یہ اقدام امریکی درخواست پر اٹھایا گیا ہے تاکہ خطے میں اتحادی ممالک اور وہاں موجود فوجی تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ یوکرین نے جنگ کے دوران ڈرونز کے خلاف جو 'الیکٹرانک وارفیئر' اور موبائل فائرنگ گروپس کا تجربہ حاصل کیا ہے، وہ اب خلیجی دفاعی نظام کا حصہ بنے گا۔

مزیدخبریں