پاکستان کی فضائی حدود مکمل بحال، تمام قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا

08:48 PM, 10 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے اپنی فضائی حدود کو تمام قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا ہے، جس کے بعد باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق ملک بھر کے تمام ہوائی اڈے معمول کے فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔

فضائی آپریشن کی بحالی کے ساتھ ہی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے بھی اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پیرس سے اسلام آباد آنے والی پرواز PK-750، جو صبح احتیاطی تدابیر کے تحت کوئٹہ میں اتاری گئی تھی، رات 9 بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی باقی پروازیں بھی رات 10 بجے سے بتدریج بحال کر دی جائیں گی، اور تمام معطل یا تاخیر کا شکار پروازیں روانہ کی جائیں گی۔

پی آئی اے انتظامیہ نے ان مسافروں سے دوبارہ رابطہ شروع کر دیا ہے جو ہوٹلوں میں ٹھہرائے گئے تھے یا اپنے گھروں کو چلے گئے تھے، تاکہ انہیں وقت پر ائیرپورٹ پہنچایا جا سکے۔ وہ تمام جہاز اور دیگر ساز و سامان جو حفاظتی نقطہ نظر سے دوسرے مقامات پر منتقل کیے گئے تھے، واپس آپریشن ایریاز میں پہنچائے جا رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ غیر متوقع حالات کے باعث پیدا ہونے والی پریشانی کے لیے پی آئی اے معذرت خواہ ہے، تاہم احتیاطی اقدامات مسافروں کی سلامتی کے لیے ضروری تھے۔

 
 

مزیدخبریں