پاکستان نے اپنے دفاع کا حق عالمی اصولوں کے تحت استعمال کیا:بلاول بھٹو

08:58 PM, 10 May, 2025

اسلام آباد : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔

ایک انٹرویو کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سیز فائر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور جو افراد شہید ہوئے ہیں، ان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کی دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ "ہماری کارروائی کو 24 گھنٹے بھی نہیں ہوئے تھے کہ بھارت پاکستان کے موقف پر آ گیا۔ مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، لیکن پاکستان نے بہت تحمل سے کام لیا اور صرف اپنی دفاعی پوزیشن کو مضبوط کیا۔"

چیئرمین پیپلز پارٹی نے جنگ بندی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے پانچ جہاز گرا کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کی طاقت پر ہمیں فخر ہے اور ہم بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس دوران پاکستان نے بھارت کے 100 کے قریب ڈرونز کو گرا دیا، جبکہ بھارت نے رات کے وقت ایئر بیسز پر حملہ کیا، جس کا مؤثر جواب دیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ "پاکستان نے کہا تھا کہ جب ہم جوابی کارروائی کریں گے، تو اس کی گونج دنیا بھر میں سنی جائے گی۔ ہمارے جواب نے ہی

بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا۔ اگر بھارت اب بات چیت کی میز پر آتا ہے تو یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان کی حمایت میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور سوال اٹھایا کہ "بھارت پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات سے کیوں بچ رہا ہے؟" انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے اور پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپنی سرزمین سے گرفتار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کو بھی دہرایا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل چکا ہے۔

مزیدخبریں